السَّلامُ عَلَيْكُم ورَحْمَةُ اللهِ وَبَرَكاتُهُ

مجلس علمی آفیشل موبائل ایپلیکیشن لانچ کردی گئی ہے ، ڈاؤن لوڈ بٹن پر کلک کریں
  غیر رجسٹرڈ ممبرز کو ویب سائٹ تک رسائی محدود ہے
🔴 *شان صحابہ پر ایک نرالی تحریر* 🔴

*از: علامہ سيد محمد يوسف بنوری رحمہ اللہ*

بات تو بالکل کھلی ہے کہ صحابہؓ کیسے ہی ہوں، مگر تم سے تو اچھے ہی ہوں گے، تم ہوا پر اُڑ لو، آسمان پر پہنچ جاؤ، سو بار مر کر جی لو، مگر تم سے صحابیؓ تو نہیں بنا جاسکے گا،
*🔸 تم آخر وہ آنکھ کہاں سے لاؤ گے جس نے جمالِ جہاں آرائے محمدﷺ کا دیدار کیا؟*

*🔹وہ کان کہاں سے لاؤ گے جو کلماتِ نبوت سے مشرف ہوئے ؟*

*🔸ہاں وہ دل کہاں سے لاؤ گے جو انفاسِ مسیحائی محمدیﷺ سے زندہ ہوئے؟*

*🔹وہ دماغ کہاں سے لاؤ گے جو انوارِ مقدس سے منور ہوئے؟*

*🔸تم وہ ہاتھ کہاں سے لاؤ گے جو ایک بار بشرۂ محمدیﷺ سے مس ہوئے اور ساری عمر اُن کی بوئے عنبریں نہیں گئی؟*

*🔹تم وہ پاؤں کہاں سے لاؤ گے جو معیتِ محمدیﷺ میں آبلہ پا ہوئے؟ تم وہ زمان کہاں سے لاؤ گے جب آسمان زمین پر اتر آیا تھا؟*

*🔸تم وہ مکان کہاں سے لاؤ گے جہاں کونین کی سیادت جلوہ آرا تھی؟*

*🔹تم وہ محفل کہاں سے لاؤ گے جہاں سعادتِ دارین کی شرابِ طہور کے جام بھر بھر کر دیتے جاتے اور تشنہ کرمانِ محبت ’’ھل من مزید‘‘ کا نعرہ مستانہ لگا رہے تھے؟*

*🔸تم وہ منظر کہاں سے لاؤ گے جو’’کأنی أری اللّٰہ عیاناً ‘‘کا کیف پیدا کرتا تھا؟*

*🔹تم وہ مجلس کہاں سے لاؤگے جہاں’’ کأنما علی رؤسنا الطیر‘‘ کا سماں بندھ جاتاتھا؟*

*🔸تم وہ صدر نشین تختِ رسالت کہاں سے لاؤ گے جس کی طرف ’’ھذا الأبیض المتکیٔ ‘‘سے اشارے کئے جاتے تھے؟*

*🔹تم وہ شمیمِ عنبر کہاں سے لاؤ گے جو دیدارِ محبوب میں خوابِ نیم شبی کو حرام کردیتی تھی؟*

*🔸تم وہ ایمان کہاں سے لاؤ گے جو ساری دنیا کو تج کر حاصل کیا جاتا تھا؟*

*🔹تم وہ اعمال کہاں سے لاؤ گے جو پیمانۂ نبوت سے ناپ ناپ کر ادا کیے جاتے تھے؟*

*🔸تم وہ اخلاق کہاں سے لاؤ گے جو آئینۂ محمدی سامنے رکھ کر سنوارے جاتے تھے؟*

*🔹تم وہ رنگ کہاں سے لاؤ گے جو ’’صبغۃ اللّٰہ‘‘ کی بھٹی میں دیا جاتا تھا؟*

*🔸تم وہ ادائیں کہاں سے لاؤ گے جو دیکھنے والوں کو نیم بسمل بنا دیتی تھیں؟*

*🔹تم وہ نماز کہاں سے لاؤ گے جس کے امام نبیوں کے امام تھے؟*

*🔸تم قدوسیوں کی وہ جماعت کیسے بن سکو گے جس کے سردار رسولوں کے سردار تھے؟*


_*🔺تم میرے صحابہؓ کو لاکھ برا کہو، مگر اپنے ضمیر کا دامن جھنجھوڑ کر بتاؤ! اگر ان تمام سعادتوں کے بعد بھی میرے صحابہؓ برے ہیں تو کیا تم ان سے بدتر نہیں ہو؟*_

_*🔺اگر وہ تنقید وملامت کے مستحق ہیں تو کیا تم لعنت وغضب کے مستحق نہیں ہو؟.*_

❤حافظ محمد عبدالله ❤
 
Top